جموں:25 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) جموں وکشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ نے، جو جموں میں رٹرننگ آفسر کے آفس پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے انتظار میں کھڑے تھے، چیف الیکشن کمشنر پر زور دیا کہ وہ فوری طورپر اس بات کو یقینی بنائیں کہ غیرمطلوبہ اور غیر پسندیدہ عناصر رٹرننگ آفس کی ساکھ کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ رٹرننگ افسر نے کچھ تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں (کانگریس ، پنتھرس پارٹی وغیرہ)کے سینئر امیدواروں کو نظرانداز کرتے ہوئے چند آزاد امیدواروں کو آج دوپہر پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی اجازت دی جو تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے سنےئر امیدواروں کے ساتھ دھکا مکی کرتے ہوئے اندر گھس گئے۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی جس سے جموں کے ر ٹرننگ افسرقانون اور ضابطوں کے مطابق کام کریں۔پنتھر س سربراہ نے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند اور جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک سے بھی اس معاملہ میں فوری طورپر مداخلت کرنے کی درخواست کی جس سے لوک سبھا انتخابات کے لئے امیدوار قوانین اورضابطوں کے مطابق اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرسکیں نہ کہ غنڈہ گردی سے جو جموں وکشمیر بیوروکریسی اور پولیس کے چہیتے ہیں۔